لاہور: (روزنامہ دنیا) انسداد دہشتگردی عدالت نے موٹروے زیادتی کیس کے ملزموں کو 10 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت میں موٹروے پر خاتون کے ساتھ زیادتی کے کیس پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے ملزموں عابد ملہی اور شفقت عرف بگا کے خلاف کیس کا چالان طلب کرتے ہوئے انہیں 10 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔
یاد رہے کہ 10 اکتوبر کو موٹروے پر خاتون سے اجتماعی زیادتی کے بعد فرار ہونے والے مرکزی ملزم عابد ملہی کو فیصل آباد سے گرفتار کیا تھا۔ اس سے قبل 14 ستمبر کو سی آئی اے کی ٹیم نے موٹروے زیادتی کیس کے ایک ملزم شفقت کو دیپالپور کے نواحی گاؤں سے گرفتار کیا تھا۔
ملزم شفقت نے پولیس حراست میں اعتراف جرم کیا تھا جبکہ ملزم کا ڈی این اے بھی متاثرہ خاتون کی رپورٹ سے میچ کر گیا تھا۔