فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد کی مارکیٹ میں پولیس یونیفارم کھلے عام غیر قانونی طور پر فروخت ہونے لگی، جرائم پیشہ افراد بھی یونیفارم خرید کر وارداتیں کرنے لگ گئے۔
فیصل آباد میں عام افراد کیلئے پولیس یونیفارم کا حصول بہت ہی آسان ہو گیا۔ پولیس لائن کے سامنے قائم مارکیٹ سے ہر قسم کی یونیفارم اور پولیس بیجز قواعد و ضوابط کے برعکس فروخت ہونے لگے۔ شہری کہتے ہیں کہ آسانی سے یونیفارم ملنے کے سبب جرائم پیشہ عناصر یونیفارم پہن کر وارداتیں کرتے ہیں۔
شہر میں اکثر پولیس یونیفارم میں ملبوس ڈاکووں کی جانب سے ڈکیتی اور نوسربازی کی وارداتیں منظر عام پر آتی رہتی ہیں، سرکاری طور پر یونیفارم ملنے کے باوجود پرائیویٹ دکانوں پر پولیس یونیفارم کی فروخت سے جرائم پیشہ عناصر کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔ دوسری جانب ترجمان ضلع پولیس کہتے ہیں کہ یہ غیر قانونی عمل ہے اس کے خلاف بھرپور کارروائی ہوگی۔
شہری کہتے ہیں کہ سابق پولیس افسران و ملازمین نے ہی یہ دکانیں قائم کررکھی ہیں جس کی وجہ سے اعلی حکام ان کی باز پرس سے گریزاں ہیں، پولیس یونیفارم کی پرائیویٹ فروخت کو بھی قانون دائرہ کار میں لایا جانا چاہیے۔