کراچی: انسداد اسمگلنگ کارروائیوں کے دوران کروڑوں روپے کی اشیاء برآمد، 13 افراد گرفتار

Published On 22 April,2021 11:03 am

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان کوسٹ گارڈز نے اسمگلنگ کے خلاف مختلف کارروائیاں کر کے کروڑوں روپے کی اشیاء برآمد کر لیں اور 13 افراد کو حراست میں لے لیا۔

پاکستان کوسٹ گارڈز ان ایکشن، مختلف کارروائیوں کے دوران 8 اسمگلرز کو گرفتار کرلیا۔ ناکہ کھاری چیک پوسٹ پر مسافر کوچز میں سوار 8 مسافروں سے 56 کلو چرس اورمختلف گاڑیوں کی تلاشی کے دوران 34 ہزار 421 کلو چھالیہ جبکہ 12 ہزار 544 کلو غیرملکی کپڑا بھی برآمد ہوا۔

ادھرپسنی شہر کے قریب ایم ایس 1 کے پہاڑوں کے درمیان چھپائی گئی 38 کلوچرس برآمد ہوئی۔ دوسری جانب وندر اور پسنی کے قریب چھپایا گیا ایک لاکھ 78 ہزار لیٹرایرانی ڈیزل، کمبل، ٹائر اور بڑی تعداد میں غیر ملکی سگریٹ برآمد ہوئے۔ 965 پیکٹ انڈین گٹکا اور 68 بیگ چائنا سالٹ بھی پکڑا گیا جبکہ کراچی سپر ہائی وے پر گاڑیوں سے 13 ہزار 433 کلو چھالیہ برآمد کرکے 5 ملزمان کو گرفتارکرلیا۔

برآمد ہونے والی اشیاء کی مالیت کروڑوں روپے ہے تاہم ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
 

Advertisement