سابق چیئرمین پیمرا ابصار عالم پر قاتلانہ حملہ، زخمی حالت میں ہسپتال منتقل

Published On 20 April,2021 07:35 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نامور صحافی اور پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کے سابق چیئرمین ابصار عالم پر قاتلانہ حملہ ہوا ہے، نامعلوم افراد نے گھر کے قریب انھیں گولی مار دی۔

ذرائع کے مطابق ابصار عالم اسلام آباد میں اپنی رہائشگاہ ایف الیون پارک کے قریب چہل قدمی کر رہے تھے کہ اچانک نامعلوم افراد نے ان پر حملہ کر دیا اور گولی مار کر فرار ہو گئے۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اور پولیس کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں، ابصار عالم کو پرائیوٹ گاڑی کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ابصار عالم کو ایک گولی پیٹ میں لگی ہے، انھیں نجی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے ابصار عالم پر فائرنگ کے واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر تحقیقات کا حکم دیدیا ہے۔ انہوں نے آئی جی اسلام آباد کو فون کرکے فائرنگ میں ملوث ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

شیخ رشید احمد کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ابصار عالم پر فائرنگ کرنے والے قانون سے بچ نہیں سکیں گے، وہ بہت جلد قانون کی گرفت میں ہونگے۔

وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھری نے بھی ابصار عالم پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس کو واقعہ کی فوری تحقیقات کا کہہ دیا ہے، جوں ہی تفصیلات سامنے آئیں گی، میڈیا کے سامنے رکھیں گے۔
 

Advertisement