کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے لیاقت میں گزشتہ شام ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے میاں بیوی زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر نجی ہسپتال منتقل کیا گیا، زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے نسرین عرفان دم توڑ گئی۔
کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی روک تھام میں پولیس مکمل ناکام، گزشتہ روز لیاقت آباد کے علاقے شریف آباد میں محمد عرفان خان اپنی اہلیہ اور دو بیٹیوں کے ساتھ بیٹے کی شادی کی شاپنگ کر کے واپس آرہے تھے کہ راستے میں ایک موٹر سائیکل سوار ملزم نے گاڑی میں لوٹ مار کی کوشش کی جس سے گاڑی میں بیٹھے محمد عرفان کا پاؤں سے اسپیڈ ایکسیلٹر پر دب گیا اور ملزم نے فائر کر دیا۔
گولی محمد عرفان کے بازو سے گزر کر اہلیہ کی ٹانگ میں لگی، خون زیادہ ضائع ہو جانے کے باعث خاتون کی موت واقع ہو گئی۔ مقتول پروفیسر نسرین عرفان ملیر سعود آباد گرلز کالج میں پرنسپل تھیں اور گزشتہ سال ریٹائر ہوئی تھیں۔ مقتولہ کی تدفین کل بعد نماز جمعہ ادا کی جائیگی تاہم پولیس کے مطابق اہل خانہ آج شام مقدمہ درج کرانے آئیں گے۔