بھلوال: (دنیا نیوز) بھلوال میں نوجوان نے بھائی کے قتل کا بدلہ لینے کیلئے مخالف کو عدالت کے دروازے پر قتل کردیا، فرار ہونے کی بجائے ملزم نے پولیس کو گرفتاری دیدی۔
بھلوال میں ایڈیشنل سیشن جج ملک تنویر احمد کی عدالت کے سامنے نوجوان قمر انور تاریخ پیشی پر آیا ہوا تھا کہ بھلوال کے ہی رہائشی محمد عامر نے اس پر پسٹل سے فائرنگ کردی جس سے وہ موقع پر جاں بحق ہو گیا۔
ملزم محمد عامر فرار ہونے کی بجائے جائے وقوعہ پر بیٹھ گیا اور پولیس آنے پر گرفتاری دیدی۔ ابتدائی تفتیش میں ملزم عامر نے بتایا کہ مقتول قمر انور نے 2019ء میں اس کے بھائی مانوورک کو قتل کیا تھا جس کا بدلہ لینے کیلئے اس نے قمر انور کو موت کے گھاٹ اتارا ہے۔
جوڈیشل کمپلیکس میں اسلحہ لے جانے کے حوالے سے اس نے بتایا کہ یہاں سیکورٹی سخت ہوتی ہے اس لئے اس نے رات گیارہ بجے پسٹل جوڈیشل کملیکس کی دیوار سے عمارت کے اندر پھینک دیا تھا۔ پیشی پر آتے ہوئے پسٹل اٹھا لیا اور مخالف کو فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا۔
پولیس تھانہ سٹی نے ملزم کو حراست میں لیکر حوالات میں بند کردیا ہے جبکہ مقتول کی لاش پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کردی ہے۔