کراچی کے مختلف علاقوں سے انتہائی مطلوب 5 منشیات فروش گرفتار

Published On 24 June,2021 10:26 am

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ رینجرز اور پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کراچی کے مختلف علاقوں میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے انتہائی مطلوب 5 منشیات فروشوں کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان رینجرز کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پولیس اور رینجرز نے مشترکہ کارروائی کے دوران معصوم شاہ کالونی، کالا پل، چنیسر گوٹھ اور محمود آباد سے انتہائی مطلوب 5 منشیات فروش ولی داد، اللہ داد، عمر زمان، فرخ اور نثاراحمد کو گرفتار کرلیا۔

ملزمان کا تعلق منشیات فروش فاروق لالہ گروپ سے ہے، دوران تفتیش ملزمان نے اعتراف کیا کہ وہ پشاور سے بدنام زمانہ فاروق لالہ کے بیٹے عرفان کے ذریعے گاڑیوں کے ٹائروں اور خفیہ خانوں میں چھپا کر لاتے تھے۔ ملزمان منشیات کے علاوہ بھاری مقدار میں گٹکا ماوا تیار کر کے کراچی کے مختلف علاقوں میں سپلائی کرتے تھے اور ملزمان کالا پل معصوم شاہ کالونی میں جوئے کا اڈہ بھی چلا رہے تھے۔

ملزمان نے جنوری 2021 میں ایک شخص محمد علی کو منشیات فروشی میں رکاوٹ ڈالنے پر فائرنگ کر کے زخمی کر دیا تھا۔ ملزمان اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ ملکر کالا پل، چنیسر گو ٹھ اور ڈیفنس میں ماہانہ 30 لاکھ روپے کی مالیت سے زائد منشیات فروخت کرتے تھے۔

ملزمان سے بھاری مقدار میں چرس اور ہیروئن بھی بر آمد کی گئی، گرفتار ملزمان کو بمعہ منشیات قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیا اور دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھا پے مارے جارہے ہیں۔
 

Advertisement