کراچی: گلشن اقبال میں ایک کروڑ سے زائد کی ڈکیتی، ڈاکو کار بھی لے اڑے

Published On 24 June,2021 03:31 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کی ڈکیتی واردات ہوئی، تین ملزمان نے بنگلے میں داخل ہوکر اہلخانہ کو یرغمال بنا کر واردات کی، جاتے جاتے کار بھی لے گئے۔

کراچی کے علاقے گلشن اقبال بلاک سات میں تین مسلح ملزمان نے گھر میں ڈاکہ مارا، مدعی خالد محمود نے ایف آئی آر میں دعوی کیا کہ وہ اپنی فیملی کے ساتھ گھر میں موجود تھا کہ اچانک تین ملزمان اندر داخل ہوئے اور مجھ پر پستول تان لیا، ملزمان نے مزاحمت کی صورت میں جان سے مارنے کی دھمکی دی، ایک ملزم فیملی کے ساتھ ٹی وی لاونج میں رہا، دو ملزمان کمرے میں چلے گئے۔

ملزمان نے الماری میں رکھے 80 تولہ طلائی زیورات، 8 ہزار 500 امریکن ڈالر اور 90 ہزار پاکستانی لوٹے، دوسرے کمرے سے ایک نیا اور ایک پرانا لیپ ٹاپ بھی اٹھا لیا، ایک ملزم مسلسل کسی سے رابطے میں تھا، ملزمان دیکھنے میں سرائیکی اور بات چیت اردو میں کر رہے تھے، ملزمان جاتے ہوئے آلٹو کار بھی اپنے ہمراہ لے گئے، پولیس نے گھر سے شواہد اکٹھا کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔
 

Advertisement