فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں ہنڈی حوالہ اور منی لانڈرنگ کے غیر قانونی دھندہ سے منسلک مافیاز کیخلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاون کی سخت ترین ہدایات جاری کردی گئیں، شہر میں بیشتر منی ایکسچینجرز کی آڑ میں ہنڈی حوالہ کا دھندہ کرنے والوں کی شامت آگئی۔
ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے ثناءاللہ عباسی نے فیصل آباد کا دورہ کیا اور سرکل کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے چیکنگ کی تو انکشاف ہوا کہ فیصل آباد سرکل کی جانب سے ہنڈی حوالہ اور منی لانڈرنگ کے خلاف کوئی قابل ذکر اقدامات نہیں کئے گئے جس پر دوران میٹںگ ڈی جی نے گزشتہ مقدمات اور ان پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لینے کے بعد ہدایات جاری کی ہیں کہ فیصل آباد میں منی لانڈرنگ کے دھندہ سے منسلک گروہوں اور افراد کے ساتھ ساتھ ہنڈی حوالہ کا کاروبار کرنے والے مافیاز کا کھوج لگایا جائے اور تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے ہنڈی حوالہ اور منی لانڈرنگ کی نتیجہ خیز کاروائیاں عمل میں لائی جائیں اور اس کی رپورٹ پیش کی جائے۔
اس حوالے سے ڈائریکٹر ایف آئِی اے فیصل آباد سید علی فرید کا موقف ہے کہ ہم نے ڈی جی کی ہدایات پر ہنڈی حوالہ اور منی لانڈرنگ کے خلاف تحقیقات شروع کردی ہیں، متعدد مقدمات درج ہوچکے ہیں مزید کاروائیاں جاری ہیں۔