کراچی:(دنیا نیوز) شہر قائد میں اجرت لے کر قتل کرنے والا گروپ بے نقاب ہوگیا، ضلع وسطی پولیس نے گروہ کے اہم کارندے ٹارگٹ کلر جاوید عرف لنگڑا کو دھر لیا، ملزم نے اجرت لیکر ساتھیوں کے ہمراہ تین شہریوں کو مارنے کا اعتراف کیا۔
کراچی میں قتل کے تین واقعات ٹارگٹ کلنگ کے نکلے، ملزم نے اجرت لیکر قتل کرنے کا انکشاف کیا ہے، ضلع وسطی پولیس نے ٹارگٹ کلر جاوید لنگڑا کو گرفتار کرلیا، ملزم نےاعتراف کیا کہ وہ ٹارگٹ کلر گروہ کے سرغنہ ارشد عرف ماموں کیلئے کام کرتا تھا، کوئی بھی شخص پیسے دے کر کسی کو بھی مروا سکتا تھا۔
ایس ایس پی سینٹرل کے مطابق 4 جون کو رضویہ سوسائٹی میں قتل ہونے والے شہری ابراہیم شیخ کے قاتلوں کا تعاقب کیا تو جاوید عرف لنگڑا گرفتار ہوا، تفتیش میں مزید دو وارداتوں کا انکشاف کیا۔
معروف عثمان کے مطابق منظم ٹارگٹ کلرز نے ابراہیم کو مارنے کیلئے کسی پارٹی سے رقم لی تھی، یہ اس سلسلے کا تیسرا قتل تھا۔
ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ ٹارگٹ کلنگ کی ان وارداتوں کے محرکات اور مقاصد کیا تھے ارشد عرف ماموں کی گرفتاری کے بعد پتہ چل سکتا ہے، گرفتاری کے لیئے ٹیمیں تشکیل دیدی ہیں۔