کراچی : (دنیا نیوز) کراچی میں شاہراہ فیصل پر بینک کا محافظ ہی ڈاکوؤں کا ساتھی نکلا، بڑی رقم کی اطلاع دے کر 50 لاکھ روپے کی ڈکیتی کروادی ۔
پولیس کے مطابق 16 نومبر کو شاہراہ فیصل پر ایف ٹی سی بلڈنگ میں واقع بینک سے نجی کمپنی کے مالک کے امتیاز احمد نے رقم نکلوائی ، وہ اپنے دفتر کے ملازمین کے ہمراہ گاڑی میں رقم لے کر پی ای سی ایچ سوسائٹی بلاک 6 میں واقع اپنے دفتر آئے تو 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 3 مسلح ملزمان نے انہیں دفتر میں یرغمال بنا لیا تھا اور رقم لوٹ کر فرار ہوگئے تھے۔
اس سلسلے میں پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کی ، دوران تفتیش جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزمان کے رابطوں کا سراغ لگایا، تو ایف ٹی سی بلڈنگ میں واقع اسی بینک کا سیکیورٹی سپروائزر خاور خان ڈاکوؤں کا رابطہ کار نکلا ، شواہد ملنے پر سیکیورٹی سپروائزر خاور خان کو گرفتار کیا گیا ہے۔
واردات کا مرکزی ملزم شاکر عرف شاہد ہے جو اپنے دیگر دو ساتھیوں کے ہمراہ بینک کے باہر موجود تھا اور سکیورٹی سپروائزر خاور خان کی کال پر رقم لے جانے والی گاڑی کا تعاقب شروع کیا، ملزمان نے بینک سے تعاقب کرکے واردات کی تھی۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ اس نے کمپنی مالک کے پاس بڑی رقم ہونے کی اطلاع اپنے ساتھی ملزمان کو دی تھی۔
پولیس تفتیش کے مطابق واردات کا مرکزی ملزم شاکر عرف شاہد سیاسی جماعت سے تعلق رکھتا ہے، بڑی رقم کی اطلاع دینے کی صورت میں ملزم نے اچھی رقم دینے کی آفر دی تھی ، ملزم نشاندہی پر 50 لاکھ کی ڈکیتی کی مگر فون پر صرف 20 لاکھ روپے ہاتھ لگنے کا بتایا۔
ملزم کے مطابق اس نے شاکر سے حصے کی رقم مانگی تو شاکر نے موبائل فون بند کر دیا۔