لاہور : (دنیا نیوز) دہشتگردی کے خدشات کے پیش نظر سی ٹی ڈی نے کومبنگ آپریشن تیز کردیے ۔
کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) حکام نے راولپنڈی ، چکوال ، ننکانہ صاحب سے پانچ مشتبہ افراد گرفتار کرلیے ۔
حکام کے مطابق راولپنڈی سے 2، ننکانہ صاحب لاری اڈا سے 2 مشتبہ افراد گرفتار ہوئے جبکہ چکوال سے ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لیا گیا ہے ۔
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ آئی جی پنجاب کی ہدایت پر مختلف اضلاع میں 13 مقامات پر کومبنگ اینڈ سرچ آپریشن کیے گئے ، کارروائیوں کے دوران 355 افراد کی بائیو میٹرک تصدیق جبکہ 664 افراد سے پوچھ گچھ کے دوران 5 مشتبہ افراد کی نشاندہی ہوئی ۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گرفتار افراد کے خلاف 6 مقدمات درج کر کے انہیں تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے ۔
حکام کا کہنا ہے کہ ریاست دشمن عناصر کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچانے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی ۔