لاہور: (دنیانیوز) لاہور پولیس کی جانب سے خطرناک اشتہاریوں کیخلاف کریک ڈاؤن میں تیزی ، بیرون ملک سے مزید 10 اشتہاری گرفتارکرلیے گئے ۔
لاہور پولیس کے مطابق پولیس کی ٹیمیں گرفتار اشتہاریوں کو سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، مسقط اوریونان سے واپس پاکستان لا رہی ہیں ، پولیس نے رواں برس قتل، اقدام قتل، اغواء برائے تاوان اور اجرتی قتل جیسے سنگین مقدمات میں ملوث 28 اشتہاری بیرون ملک سے گرفتار کیے۔
نارروال پولیس کو مطلوب تین اشتہاریو ں عاکف حمید کو دبئی، ظہیر کو مسقط جبکہ یاسر کو یونان سے گرفتار کیا گیا جبکہ ڈی جی خان پولیس کو مطلوب تین اشتہاریوں غلام فرید، محمد اصغر کو متحدہ عرب امارات جبکہ ظفر اقبال کو سعودی عرب سے گرفتار کیا گیا ہے ۔
پولیس کے مطابق ملتان پولیس کو مطلوب دو اشتہاریوں محمد مجاہد کو سعودی عرب جبکہ محمد وسیم کو متحدہ عرب امارات سے گرفتار کیا گیا۔
سیالکوٹ پولیس کے اشتہاری طیب علی اور اٹک پولیس کے اشتہاری عبادت متحدہ عرب امارات سے گرفتار کیے گئے ۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے بیرون ملک مفرور اشتہاریوں کو گرفتار کرنے والی تمام پولیس ٹیموں کو شاباش دی گئی ۔
ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ انٹر پول اور ایف آئی اے کے تعاون سے بیرون ملک مفرور اشتہاریوں کی گرفتاریوں کو مزید تیز کیا جائے اور بیرون ملک مفرور اشتہاریوں کے پاسپورٹس منسوخی کے ساتھ ساتھ انٹر پول کے ریڈ نوٹس جاری کروائے جائیں۔