قصور: (دنیا نیوز) تھانہ صدر چونیاں کے علاقہ میں ڈکیتی مزاحمت پر قتل کا افسوسناک واقعہ رونما ہوا، پولیس نے ملزموں کا تعاقب کرتے ہوئے تین ڈاکو گرفتار کر لیے۔
بتایا گیا ہے کہ 3 نامعلوم ڈاکوؤں نے جنڈ والا کے قریب الہ آباد کے رہائشی ہدایت کو مزاحمت پر فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔
15 کی اطلاع پر پولیس نے فوری ریسپانڈ کیا اور ڈی ایس پی چونیاں سمیت پولیس کی بھاری نفری نے ملزموں کا تعاقب کیا، پولیس ٹیم نے بہادری کیساتھ کراس فائرنگ کے بعد تینوں ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا۔
گرفتار ہونے والے تینوں ڈاکوؤں کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا، اس موقع پر ڈی پی او طارق عزیز سندھو نے کہا کہ شہریوں کی جمع پونجی پر ڈاکہ ڈالنے والے اور جانوں کے دشمن ملزمان کیساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔