لاہور: (دنیا نیوز) محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) نے عید الاضحیٰ پر دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا کر حساس شہروں سے داعش کی خاتون رکن سمیت 9 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ملتان، بہاولپور اور ڈی جی خان میں انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کے دوران خاتون سمیت 9 دہشت گردوں کو گرفتارکر لیا جن کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے، گرفتار خاتون بھی کالعدم داعش کے نیٹ ورک کی متحرک رکن ہے۔
دہشت گردوں سے ہینڈ گرینیڈ، خودکش جیکٹ بنانے کا سامان اور نقدی برآمد کی گئی، گرفتار دہشت گردوں میں عدنان، عبدالحلیم، شیراز، بلقیس اور عمر بن خالد کے نام شامل ہیں، کالعدم تنظیم کے نیٹ ورک عید الاضحیٰ پر دہشت گردی کا منصوبہ بنا رہے تھے، دہشت گردوں کے خلاف مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔
حکام نے مزید بتایا کہ سی ٹی ڈی نے رواں ہفتے 124 کومبنگ آپریشنز کیے جن میں 11 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا، سی ٹی ڈی شرپسند عناصر کی سرکوبی کیلئے کوشاں ہے۔