کراچی : (ویب ڈیسک ) کراچی کے علاقے ناظم آباد بورڈ آفس کے قریب ڈکیتی مزاحمت پر پاکستانی نژاد کینیڈین شہری کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعےکا مقدمہ مقتول کی بہن کی مدعیت میں پاپوش نگر تھانے میں درج کیا گیا جس میں قتل اور اقدام قتل کی دفعات شامل ہیں۔
ایف آئی آر میں مقتول کی بہن کا کہنا تھا کہ میرے بھائی کینیڈا سےکراچی آئے تھے ، بھائی بچوں کو عیدکی شاپنگ کروانے کیلئے جا رہے تھے کہ پاپوش نگر ریلوے پھاٹک کے قریب2 ڈاکوؤں نے بھائی کو لوٹنے کی کوشش کی، بھائی نے اس دوران مزاحمت کی تو ملزمان نے ان پر فائرنگ کر دی۔
رپورٹ کے مطابق مقتول کا نام امین علوی تھا اور وہ حال ہی میں عید منانے کے لیے پاکستان آئے تھے ، واردات کے موقع پر مقتول کے ساتھ گاڑی میں 4 بچے بھی موجود تھے۔
سوشل میڈیا پرامین علوی کے قتل کے واقعے پر صارفین کی جانب سے دکھ اور افسوس کا اظہار کیاجارہا ہے ، جبکہ صارفین نے کراچی میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے میں ناکامی پر حکومت پر شدید تنقید کی ہے ۔