مظفرگڑھ : ( دنیا نیوز ) پنجاب کے ضلع مظفر گڑھ میں پولیس نے 12 گھنٹوں کے اندر اندر 3 کمسن بہنوں کا قاتل گرفتار کرلیا۔
ترجمان پولیس مظفرگڑھ کے مطابق تینوں سگی معصوم بہنوں کا قاتل ان کا اپنا بڑا بھائی نکلا، ملزم نے اعتراف جرم کرتے ہوئے واقعہ کی ذمہ داری بھی قبول کر لی۔
ترجمان نے بتایا کہ پولیس نے جدید طریقہ تفتیش استعمال کرتے ہوئے ملزم کو ٹریس کر کے گرفتار کیا ۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ( ڈی پی او ) حسنین حیدر کے مطابق بچیوں کا قاتل ان کا اپنا بھائی تھا جس کی شناخت باسط کے نام سے ہوئی، ملزم بہنوں کو بہانے سے قریبی کوارٹر لے کر گیا اور وہاں چھری سے انہیں قتل کیا۔
حسنین حیدر نے بتایا کہ ملزم نے بہنوں کی گمشدگی کی اطلاع بھی خود ہی پولیس کو دی، ملزم کے ہاتھ پر زخم دیکھ قتل کا شبہ ہوا اور 12 گھنٹے کے اندر اندر ملزم کو گرفتار کیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز مظفر گڑھ کے علاقے تھرمل پاور کالونی میں سکیورٹی سارجنٹ کی 3 معصوم بچیوں کو بے رحمی سے قتل کر دیا گیا تھا۔
7 سالہ فاطمہ اور 8 سالہ زہرہ کھیلنے کیلئے گھر کے سامنے والے پلاٹ میں گئیں تو واپس نہ آئیں، لاپتہ بہنوں کو ڈھوندنے کیلئے جانے والی 11 سالہ اریشہ بھی گھر واپس نہ آئی اور بعدازاں تینوں بہنوں کی لاشیں ان کے گھر کے ساتھ خالی کوارٹر سے ملیں۔