کراچی: پولیس کی جرائم پیشہ افراد اور سمگلرز کیخلاف کارروائیاں، 7 ملزم گرفتار

Published On 04 October,2023 04:55 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس نے جرائم پیشہ افراد اور سمگلرز کیخلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 7 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

پولیس نے کراچی کے علاقے لیاری بغدادی میں مبینہ مقابلے کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں حراست میں لے لیا، ملزم کی شناخت عبداللہ عرف عبود کالا کے نام سے ہوئی ہے، گرفتار ملزم کے قبضے سے منشیات اور اسلحہ برآمد کر لیا۔

ادھر تاج میڈیکل کمپلیکس کے قریب بھی مبینہ پولیس مقابلہ ہوا جس کے بعد دو ملزموں کو گرفتار کر لیا گیا، ملزمان نے گزشتہ روز جمشید روڈ پر واقع پٹرول پمپ پر لوٹ مار کی تھی، دونوں کو تھانے منتقل کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی۔

کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے سٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث 2 ملزم حراست میں لے لیے، ملزموں کی شناخت عاصم عباس اور سلطان کے نام سے ہوئی ہے، ملزموں سے چھینا گیا سامان اور اسلحہ برآمد کر لیا۔

سائٹ ایریا میں پولیس نے چھاپہ مار کر ساڑھے تین ٹن نان کسٹم پیڈ چھالیہ پکڑ لی، موقع سے احمد نواز نامی شخص کو گرفتار کر لیا، چھالیہ بلوچستان سے حیدر آباد سمگل کی جا رہی تھی، موچکو میں پولیس نے جعلی کھاد سے لدا ٹرک پکڑ لیا، ڈرائیور کو گرفتار کر کے 200 بوریاں تحویل میں لے لیں۔