قصور : (دنیانیوز) تھانہ صدر قصور کے علاقہ میں مبینہ پولیس مقابلے میں دو خطرناک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کرلیے گئے جبکہ 2 فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔
پولیس کے مطابق ڈاکوؤں کی شناخت بدنام زمانہ قلب شاہ سکنہ لکھن کے اور ندیم عرف گیندی سکنہ جاگو والا کے ناموں سے ہوئی ہے ، دونوں زخمی ڈاکو ڈکیتی، راہزنی اور خواجہ سراؤں کے اغوا کی درجنوں سنگین وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اکرم نامی شہری نے 15پر پولیس کو اطلاع دی کہ 4 ڈاکو موٹرسائیکل، ہزاروں کی رقم اور موبائل چھین کر فرار ہو گئے ہیں ، تھانہ صدر قصور پولیس نے ایس ایچ او محمد شریف کی سربراہی میں فوری ریسپونڈ کرتے ہوئے دولے والا کے قریب ناکہ بندی کی۔
ڈاکوؤں نے پولیس پارٹی کو دیکھ کر مختلف اطراف سے سیدھی فائرنگ شروع کردی ، ڈاکوؤں کی اپنی فائرنگ سے دو ڈاکو زخمی ہو گئے جن سے چھینی گئی موٹرسائیکل اور نقدی برآمد کر لی گئی ہے ۔
پولیس کے مطابق فرار ہونے والے دو ڈاکوؤں کو شناخت کرلیا گیا جن کی گرفتاری کیلئے سپیشل ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔