کراچی : سنار کی دکانوں میں نقب زنی کی وارداتیں کرنیوالا 3 رکنی گینگ گرفتار

Published On 29 May,2024 10:28 am

کراچی : (دنیانیوز) اورنگی ٹاؤن پاکستان بازار میں پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے سنار کی دکانوں میں نقب زنی کی وارداتیں کرنے والا تین رکنی گینگ گرفتارکرلیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان گینگ میں ایک خاتون بھی شامل ہے، خاتون ملزمہ اس سے قبل بھی اسی نوعیت کے مقدمہ میں گرفتار ہوچکی ہے۔

پولیس کا بتانا ہے کہ ملزمان نے مورخہ 12 اپریل 2024 کو پاکستان بازار مارکیٹ میں واقع الرحمٰن جیولرز کے تالے کاٹ کر چوری کی واردات کی تھی، واردات کا مقدمہ تھانہ پاکستان بازار میں درج کیا گیا تھا۔

پولیس نے ہیومن انٹیلیجنس کی مدد سے موقع واردات کے اطراف سے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرکے ایک ملزم کو شناخت کیا ، ملزم کی نشاندہی پر اس کے مزید دو ساتھیوں کو گرفتار کیا گیا۔

پولیس کے مطابق ملزمان سے سونے کی 10 انگوٹھیاں، 27 لونگ، 10 لاکٹ، 09 بالیاں، 17 بندے، 05 چوڑی ٹاپس، 01 کنڈی اور 01 پیچ برآمد کرلیا گیا، برآمدہ طلائی زیوارات کی مالیت تقریباً 12 لاکھ روپے سے زائد ہے جوکہ سنار کی دکانوں سے چوری کیے گئے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان میں جمیل ولد غلام نبی اور حیدر علی ولد حبیب اور ملزمہ سمیرا زوجہ حبیب الرحمن شامل ہیں ، ملزمان و ملزمہ کو ضابطے کے تحت گرفتار کرکے مزید قانونی کاروائی کے لئے تفتیشی حکام کے حوالے کردیا گیا ہے۔