راولپنڈی: (دنیا نیوز) راولپنڈی میں مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک جبکہ دو فرار ہو گئے۔
پولیس کے مطابق پیر ودھائی کے علاقہ ڈھوک نجو پل پر پولیس ٹیم نے موٹر سائیکل کو رکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کر دی، فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک ڈاکو ہلاک ہو گیا جبکہ دو ڈاکو فائرنگ کرتے ہوئے فرارہو گئے۔
حکام نے بتایا ہے کہ ہلاک ڈاکو سے پسٹل اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی، ڈاکوؤں سے برآمد شدہ موٹر سائیکل اسی ماہ نیوٹاؤن کے علاقہ میں شہری سے گن پوائنٹ پر چھینی گئی تھی، ملزمان کی فائرنگ سے کانسٹیبل اکرم خان کو بھی گولی لگی جو بلٹ پروف جیکٹ کی وجہ سے محفوظ رہے۔
پولیس کی جانب سے فرار ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لئے سرچ آپریشن جاری ہے جبکہ ہلاک ڈاکو کی نعش کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
واقعہ کی اطلاع پر سینئر پولیس افسران موقع پر پہنچ گئے اور ملزمان کی فائرنگ کے باوجود بہادری سے مقابلہ کرنے پر سی پی او سید خالد ہمدانی نے ایس پی راول، ایس ڈی پی او سٹی اور پیرودھائی پولیس کوشاباش دی۔