گجرات:(دنیا نیوز) شوگر خریداری سکینڈل کیس میں ایف آئی اے کی بڑی کارروائی کے دوران سرغنہ گرفتار کرلیا،
وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے گجرات سرکل نے سرائے عالمگیر شوگر خریداری سکینڈل کیس میں کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے کی جعلسازی اور شوگر خریداری کے سرغنہ کو گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم اوورسیز پاکستانیوں کے جعلی کاغذات بنا کر شوگر ملز سے کروڑوں کی چینی خرید چکا ہے،ملزم اوورسیز پاکستانیوں کے نام پر ایف بی آر میں جعلی کاغذات پر کمپنیاں رجسٹرڈ کرواتا تھا، ایف بی آر میں رجسٹرڈ بے نامی کمپنیوں کے ذریعے کروڑوں کی چینی خریداری کرتا تھا۔
حکام نے مزید بتایا کہ ملزم نے سرائے عالمگیر کے اوورسیز پاکستانی کے کاغذات پر 62 لاکھ روپے کا ٹیکس چوری کیا، ملزم دوسروں کے نام پر جعلی خریداری کر کے خود کو ٹیکس سے بچاتا تھا۔
ایف آئی اے نے گرفتار ملزم کے نیٹ ورک کے دیگر ارکان سے متعلق تفتیش شروع کردی ہے۔