لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت کے علاقے ہربنس پورہ میں رشتہ کے تنازع پر دوست نے فائرنگ کرکے لیڈی کانسٹیبل کو قتل کردیا۔
پولیس کی جانب سے ابتدائی تفتیش کے مطابق مقتولہ کی شناخت 24 سالہ ثمن کے نام سے ہوئی جو شاہدرہ کی رہائشی تھی، لیڈی کانسٹیبل آج چھٹی پر تھی جو اپنے دوست کیساتھ موٹرسائیکل پر جارہی تھی، ثمن کو رشتہ کے تنازعہ پر ملزمان نے قتل کیا گیا، مزید تفتیش جاری ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق لیڈی کانسٹیبل موٹرسائیکل پر ایک نوجوان کے ساتھ آئی اور پھر دونوں کے درمیان جھگڑا ہوا، نوجوان نے لیڈی کانسٹیبل پر قریب ایک پارک میں تشدد کیا، مقامی لوگوں نے نوجوان کو منع کیا اورلڑکی سے معافی مانگنے کا کہا تو نوجوان نے پسٹل نکال کر پہلے ہوائی فائرکیے جس سے مقامی لوگ منتشر ہوگئے۔
پھر نوجوان نے لیڈی کانسٹیبل کے پہلے پاؤں میں اور پھر سرمیں تین گولیاں ماریں۔ نوجوان قتل کی واردات کے بعد جائے وقوعہ سے فرار ہوگیا۔
ایس پی کینٹ اویس شفیق بھاری نفری کے ہمراہ فوری جائے وقوعہ پر پہنچ گئے، لاش کو تحویل میں لیکر پوسٹمارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
ایس پی کینٹ اویس شفیق نے کہا کہ وقوعہ کی تمام پہلوؤں کو مد نظر رکھتے ہوئے تحقیقات کی جا رہی ہے، ایس ڈی پی او باغبانپورہ کی سربراہی میں ملزمان کو فوری گرفتار کرنے کے لیے ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔
آئی جی پنجاب کا نوٹس
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے واقعے کا نوٹس لیکر سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرلی۔
آئی جی پنجاب نے ڈی آئی جی آپریشنز کو فائرنگ میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ واقعہ کی ہر پہلو سے تفتیش کرتے ہوئے ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے۔
ڈاکٹر عثمان انور کا مزید کہنا تھا کہ سیف سٹی کیمروں کی فوٹیج سمیت تمام شواہد کو ملزمان کی گرفتاری کے لئے بروئے کار لایا جائے، لواحقین کو انصاف کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائی جائے۔