اسلام آباد: (حریم جدون ) موٹروے پولیس نے موٹروے ایم 14 پر کارروائی کرتے ہوئے نان کسٹم پیڈ سامان سے بھرا ہوا ٹرک پکڑ کر ٹرک کو ڈرائیور گرفتار کر لیا۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق نان کسٹم پیڈ سامان میں سگریٹ، خشک دودھ، کپڑا اور چائنہ سالٹ شامل ہے، کارروائی خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر عمل میں لائی گئی۔
موٹروے ترجمان نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس پی ایم 14 بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے، کسٹم حکام کو بھی موقع پر طلب کر لیا گیا، ٹرک کو کسٹم ویئر ہاؤس اسلام آباد منتقل کر دیا گیا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ نان کسٹم پیڈ سامان کی قیمت کا اندازہ لگایا جا رہا ہے، ابتدائی معلومات کے مطابق ٹرک ڈیرہ اسماعیل خان سے راولپنڈی کی جانب جا رہا تھا جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔