کراچی: (دنیا نیوز) کرا چی میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے پولیس اہلکار کو موت کے گھاٹ اتار دیا جبکہ ملزمان فرار ہو گئے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق فائرنگ کا واقعہ منگھوپیر کے علاقے خیرآباد امن چوک کے قریب پیش آیا، تین نامعلوم ملزمان نے تعاقب کے بعد فائرنگ کر کے پولیس اہلکار کو شہید کیا۔
پولیس کے مطابق شہید اہلکار کی شناخت عمران کے نام سے ہوئی جو تھانہ منگھوپیر میں تعینات اور الطاف نگر کا رہائشی تھا، شہید پولیس اہلکار وردی میں ملبوس تھا اور تھانہ منگھوپیر کے علاقے میں اجتماع گاہ کی ڈیوٹی پر مامور تھا۔
حکام کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ حملے میں دو مختلف 9 ایم ایم پستول استعمال ہوئے، پولیس اہلکار کو 8 گولیاں لگیں، ایک گولی چہرے، دوٹانگوں اور باقی سینے ،پیٹ اور کمر پر لگیں، شہید پولیس اہلکار نے بلٹ پروف جیکٹ نہیں پہنی تھی۔
واقعے کے بعد ایس ایس پی ویسٹ طارق مستوئی عباسی شہید ہسپتال پہنچ گئے، انہوں نے ملزمان کی گرفتاری کے احکامات جاری کردیئے۔