کراچی: پولیس وردیوں میں ملبوس 6 جعلی اہلکار گرفتار

Published On 03 July,2025 02:59 am

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی پولیس نے پولیس وردیوں میں ملبوس 6 جعلی اہلکاروں کوگرفتارکرلیا۔

پولیس حکام کے مطابق پولیس پارٹی گشت پر تھی، انہوں نے تین موٹر سائیکلوں پر سوار6 افراد جوکہ پولیس یونیفارم میں ملبوس تھے انہیں مشکوک حالت میں پایا۔

پولیس نےدوران تفتیش سروس کارڈ طلب کیا تو ان افراد نے پولیس سروس کارڈ دکھانے سے معذرت کی اور اعتراف کیا کہ وہ حقیقی پولیس اہلکار نہیں بلکہ ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کے لئے شوقیہ وردی پہن کرعوام پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کر رہے تھے جنہیں گرفتارکرلیا گیا۔

گرفتارملزموں میں شہریارخان ولد محمد شاہد خان، محمد رضوان ولد محمد زبیر، یوسف خان ولد امین خان، نور فراز ولد گل فراز، محمد کاشف ولد ناظر خان اورحماد ولد وزیرزادہ شامل ہیں، گرفتار ملزموں کے قبضے سے تین موٹر سائیکل برآمد کرلئے گئے۔

پولیس نے گرفتار جعلی پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی، گرفتارملزموں کو انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کردیا گیا۔