کراچی: گھروں سے چوری کے الزام میں گرفتار ملزمہ ایوارڈ یافتہ نکلی

Published On 16 July,2025 12:07 pm

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کراچی میں ڈیفنس پولیس نے گھر کے مکینوں کو نشہ آور چائے پلا کر گھروں کا صفایا کر کے کروڑ پتی بننے والی ایک اور ماسی کو گرفتار کر لیا۔

پولیس حکام کے مطابق گرفتار گھریلو ملزمہ کی شناخت فرزانہ کوثر عرف مہرین کے نام سے کی گئی جو کہ ایک بنگلے سے 65 لاکھ روپے مالیت کے زیورات چوری کر کے کراچی سے فرار ہو گئی تھی، ملزمہ کو چند روز قبل فیروزآباد پولیس نے چوری کے الزام میں گرفتار کیا۔

پولیس حکام نے بتایا کہ واردات کے دوران ملزمہ نے گھر کے مکینوں کو نشہ آور گرین ٹی پلا کر بے ہوش کر دیا تھا، گرفتار ماسی مہرین سے تحقیقات کے دوران اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔

پولیس کے مطابق ملزمہ مہرین اسلام آباد کی جیل میں 3 سال گزار چکی ہے، قید کے دوران اسے سابق وزیراعظم نے ایوارڈ دیا تھا، ایوارڈ جیل میں سلائی کا کام کرنے پر دیا گیا تھا۔

ملزمہ مہرین نے پولیس کومزید بتایا کہ اس کا آبائی تعلق فیصل آباد سے ہے اور لاہور میں بھی متعدد کیسز درج ہیں جبکہ کراچی میں دسمبر 2024 میں شوکت محمود نے ڈیفنس تھانے میں مقدمہ درج کروایا تھا، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ ملزمہ نے چائے میں نشہ آور دوا پلا کر اہل خانہ کو بے ہوش کیا اور گھر سے سونے کے زیورات، کیش اور دیگر سامان لوٹ کر فرار ہو گئی تھی۔

اس حوالے سے تفتیشی حکام کا بتانا ہے کہ واردات مجموعی طور پر 65 لاکھ روپے سے زائد کی تھی تاہم ملزمہ چوری کی واردات میں فیروز آباد تھانے میں چند روز قبل گرفتار ہوئی تھی، اطلاع ملنے پر مدعیان وہاں گئے اور اسے شناخت کر لیا جس پر ڈیفنس پولیس نے بھی مقدمے میں ملزمہ کی گرفتاری ڈال دی۔

ملزمہ فیروز آباد تھانے میں 3 چوریوں کے مقدمات میں بھی گرفتار ہے، ملزمہ کلفٹن اور گذری میں بھی گھروں میں کروڑوں روپے کی وارداتیں کر چکی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل کلفٹن انویسٹی گیشن پولیس نے بھی ایک کروڑ پتی ماسی شہناز کو گرفتار کیا تھا اور گرفتار ماسی حیرت انگیز طور پر شاہانہ زندگی گزار رہی تھی۔

تفتیش کے دوران مجموعی طور پر متعدد گاڑیوں، موٹر سائیکلوں، فلیٹس اور پرچون کی دکان کی تفصیلات سامنے آئیں تھیں اور اس کے بینک اکاؤنٹس میں بھی لاکھوں روپے موجود پائے گئے تھے۔