کراچی: منشیات فروشی، گٹکا ماوا اور ریت بجری چوری میں ملوث 5 ملزم گرفتار

Published On 17 July,2025 09:53 am

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد میں ڈسٹرکٹ ملیر اور ڈسٹرکٹ کیماڑی پولیس نے مختلف علاقوں میں کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے منشیات، گٹکا ماوا فروشی اور غیر قانونی ریتی بجری کی چوری میں ملوث 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ملزمان سے بھاری مقدار میں ممنوعہ مواد، چرس، آئس، گٹکا ماوا، موبائل فونز، نقدی اور ترسیل کے لیے استعمال ہونے والا ڈمپر بھی برآمد کر لیا گیا۔

ترجمان ایس ایس پی ملیر کے مطابق ملیر سٹی پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے دو مطلوب ملزمان سجاد علی اور فہیم احمد کو گرفتار کیا جن کے قبضے سے 40 کلو سے زائد مضر صحت گٹکا ماوا، 25 گرام آئس اور فروخت شدہ مال کی نقد رقم برآمد کی گئی ہے۔

گرفتار ملزمان گٹکا ماوا خود تیار کر کے مختلف علاقوں میں فروخت کرتے تھے اور یہ دونوں پولیس کی انتہائی مطلوب فہرست میں شامل تھے، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔

میمن گوٹھ پولیس نے دوران گشت کارروائی کرتے ہوئے ملیر ندی کے قریب سے غیر قانونی مٹی کی کھدائی اور ترسیل میں ملوث ملزم مجید اللہ ولد قربان علی کو گرفتار کیا۔

 

پولیس کے مطابق اس کے قبضے سے ریت سے لوڈ ڈمپر برآمد کیا گیا ہے جسے قبضے میں لے کر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، غیر قانونی کھدائی میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائیاں جاری رہیں گی۔

دوسری جانب سائٹ اے پولیس نے قبر والی گلی، فخرالدین ولیکا روڈ، سائٹ ایریا میں چھاپے کے دوران دو منشیات فروشوں حنیف ولد مسکین اور سلیمان ولد اکبر کو گرفتار کیا۔

ملزمان کے قبضے سے آدھا کلوگرام چرس، موبائل فونز اور نقد رقم برآمد ہوئی، دونوں کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

ترجمان ایس ایس پی کیماڑی کیپٹن (ر) فیضان علی کے مطابق منشیات اور گٹکا ماوا جیسے سماجی ناسور کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی۔