کراچی: (دنیا نیوز) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کا ملک کے مختلف شہروں میں منشیات سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق 5 مختلف کارروائیوں کے دوران 4 ملزمان گرفتار کر کے ایک کروڑ 12 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 107.415 کلو گرام منشیات برآمد کر لی گئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بحرین جانے والے مسافر کے ٹرالی بیگ سے 950 گرام آئس برآمد کر کے ملزم گرفتار کر لیا گیا، باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کراچی جانے والے مسافر کے بیگ سے 265 گرام آئس برآمد کر کے ملزم کو زیر حراست لے لیا۔
اس کے علاوہ اسلام آباد موٹروے ٹول پلازہ پر 2 ملزمان کے قبضے سے 1.2 کلو چرس برآمد کی گئی، پشین کے علاقے یارو میں سمگلنگ کیلئے چھپائی گئی 50 کلو چرس برآمد ہوئی، پسنی کے علاقے چُربندر میں سمگلنگ کیلئے چھپائی گئی 40 کلو چرس اور 15 کلو آئس برآمد کر لی گئی۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔