جھنگ سے طالبہ کی لاش ملنے کا معاملہ، مبینہ ملزم گرفتار، اہم انکشافات

Published On 19 July,2025 11:23 pm

جھنگ: (دنیا نیوز) جھنگ سے طالبہ کی لاش ملنے کا معاملہ، پولیس کی جانب سے گرفتار کیے گئے مبینہ ملزم نے اہم انکشافات کیے ہیں۔

تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن کے علاقہ سے نوجوان لڑکی کی ڈیڈ باڈی ملی، ڈیڈ باڈی کی شناخت کنزہ کے نام سے ہوئی جو یونیورسٹی راولپنڈی میں زیر تعلیم تھی۔

مبینہ قتل کے الزام میں پولیس نے ایک شخص کو گرفتار کیا، ملزم طالبہ کا قریبی عزیز بتایا جاتا ہے، مزید تفتیش جاری ہے۔

پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والی طالبہ کی گرفتار ملزم کے ساتھ منگنی ٹوٹ چکی تھی، ملزم کے مطابق طالبہ اس سے ملنے آئی تھی۔

ابتدائی تفتیشں میں ملزم نے بیان دیا کہ طالبہ کو فوڈ پوائزننگ ہوئی تھی جس کی میں نے ادویات لے کر دی تھیں۔

ملزم نے طالبہ کو اغوا کیا، زہریلی چیز کھلائی: ایس پی انویسٹی گیشن

ایس پی انویسٹی گیشن عابد حسین ظفر کے مطابق 19 سالہ طالبہ کے قتل میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے، ابتدائی معلومات کے مطابق ملزم طیب ادریس مقتولہ کا رشتے دار ہے۔

عابد حسین ظفر کے مطابق ملزم نے گزشتہ روز طالبہ کو ورغلا کر اغوا کیا، ملزم نے طالبہ کو زہریلی چیز کھلائی جس سے وہ جاں بحق ہو گئی۔

ایس پی جھنگ کے مطابق ملزم نے مقتولہ لڑکی کا رشتہ مانگا تھا جس پر لڑکی کے والدین نے انکار کر دیا تھا ، طالبہ کی موت کی حتمی وجہ کا تعین پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے پر کیا جائے گا۔