پشاور: رشوت کے مقدمے میں گرفتار، ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ صحت کی درخواستِ ضمانت خارج

Published On 13 August,2025 06:01 pm

پشاور:(دنیا نیوز) سیشن کورٹ نے رشوت کے الزام میں گرفتار ڈپٹی ڈائریکٹر انٹرنل آڈٹ محکمہ صحت کی ضمانت کی درخواست خارج کردی۔

 پشاور کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج انعام اللہ وزیر نے درخواست ِ ضمانت پر سماعت کی ،عدالت نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد درخواست خارج کرتے ہوئے اپنے فیصلے میں ملزم کو جیل میں رکھنے کا حکم دیا۔

مدعی مقدمہ شعیب الرحمان کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزم ظاہر شاہ محکمہ صحت میں ڈپٹی ڈائریکٹر انٹرنل ہے ، میرا مؤکل پاکستان انسٹیوٹ آف پروستھیٹک اینڈ آرتھیٹک سائنس میں ایڈمن افسر ہے، ملزم نے آڈٹ اعتراضات ٹھیک کروانے کے لیے 20 لاکھ روپے رشوت طلب کی۔

وکیل نے اپنے دلائل میں کہا کہ ملزم نے مدعی سے فون پر رشوت طلب کی جس پر ملزم کی اینٹی کرپشن کو شکایت کی گئی ، اینٹی کرپشن نے انویسٹی گیشن کے سپیشل ونگ مجسٹریٹ محمد طیب کے ساتھ چھاپہ مارا، چھاپے کے دوران ملزم کے قبضے سے دس لاکھ روپے برآمد ہوئے۔

علاوہ ازیں وکیل نے استدعا کی کہ ملزم نے عوامی اعتماد کو ٹھیس پہنچایا ہے اور غیر اخلاقی اقدام اٹھایا ہے، ملزم ضمانت حاصل کرنے کا اہل نہیں ہے، عدالت نے دلائل سننے کے بعد درخواستِ ضمانت خارج کردی۔