اسلام آباد: پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کرنے والے 2 ملزم زخمی حالت میں گرفتار، 3 فرار

Published On 30 August,2025 02:02 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کرنے والے 2 ملزموں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق تھانہ کھنہ کے علاقہ میں دو موٹر سائیکل پر سوار پانچ ملزموں نے ناکہ پر موجود پولیس اہلکاروں پر سیدھی فائرنگ شروع کر دی، بلٹ پروف جیکٹ اور احتیاطی تدابیر کی بدولت پولیس افسران محفوظ رہے۔

پولیس ترجمان نے مزید بتایا کہ ساتھی ملزموں کی فائرنگ سے ملزم فرزند علی اور راحد زخمی حالت میں گرفتار کر لئے گئے، ملزم فرزند اور راحد ڈکیتی، راہزنی اور دیگر سنگین جرائم کے متعدد مقدمات میں مطلوب تھے، ملزموں کے دیگر ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

ترجمان پولیس کے مطابق ملزم شہری سے اسلحہ کی نوک پر موٹر سائیکل اور موبائل چھین کر فرار ہو رہے تھے، فرار ہونے والے ملزموں کی تلاش کیلئے کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔