کراچی: (دنیا نیوز) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے طورخم بارڈر ٹرمینل کے راستے افغانستان سے پاکستان منشیات سمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے بڑی مقدار میں منشیات برآمد کر لی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق کارروائی کے دوران افغان کارگو گاڑی کی تلاشی لی گئی جس میں سے 17.500 کلوگرام ہیروئن اور 4.500 کلوگرام آئس برآمد کی گئی، منشیات جلال آباد، افغانستان سے پاکستان سمگل کی جا رہی تھیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران گاڑی کے ڈرائیور مومند اکرام کو گرفتار کر لیا گیا، جو افغانستان کے صوبے ننگرہار کا رہائشی ہے، برآمد کی گئی منشیات کی بین الاقوامی مارکیٹ میں مالیت تقریباً 24 کروڑ 60 لاکھ روپے ہے۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔



