کراچی: (ویب ڈیسک) شہر قائد میں ایک اور پولیس اہلکار کو فائرنگ کرکے شہید کر دیاگیا۔
گلشن معمار میں تعینات اور رکن قومی اسمبلی شاہدہ رحمانی کی سکیورٹی میں شامل اہلکار صدام حسین کو نامعلوم افراد نے کریم شاہ روڈ پر فائرنگ کا نشانہ بنایا، پولیس کانسٹیبل پنکچر کی دکان پر رکا تھا جہاں پر پہلے سے موجود گاڑی میں بیٹھے ملزموں نے گولیاں مار دیں۔
واقعہ کی اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، متوفی کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ اہلکار کی شہادت پر وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے نوٹس لے کر ایس ایس پی ویسٹ سے رپورٹ طلب کرلی۔
وزیرداخلہ نے ایس ایس پی ویسٹ کو شہید کے گھر جانے اور لواحقین سے ملاقات کرنے کی ہدایت کی اور ساتھ ہی اب تک ہونے والے پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ملزموں کی گرفتاری سے متعلق تفصیلات بھی طلب کیں۔
وزیرداخلہ نے ہدایت کی کہ کامیاب تفتیش اور واقعہ میں ملوث ملزموں کی گرفتاری کا ٹاسک ماہر اور باصلاحیت افسر کو دیا جائے۔
ایس ایس پی ویسٹ طارق الہٰی مستوئی نے بتایا کہ شہید پولیس اہلکار گلشن معمار تھانے میں تعینات تھا، عینی شاہدین کے مطابق کار میں سوار ملزموں نے فائرنگ کی، انہوں نے بتایا کہ واقعہ کی تمام پہلوؤں کو دیکھتے ہوئے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔