لاہور: (دنیا نیوز) ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میں نان کسٹمز پیڈ گاڑیوں کی جعلی رجسٹریشن کرنے والے گروہ کے انکشاف کے بعد کسٹمز انفورسمنٹ نے جعلی دستاویزات پر رجسٹرڈ قیمتی گاڑیاں پکڑ لیں۔
قیمتی گاڑیاں فیک آکشن اور جعلی امپورٹ دستاویزات پر رجسٹرڈ کی گئیں، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میں رجسٹریشن کیلئے غیر ملکی سفارتخانے کی گاڑی کی جعلی دستاویزات بھی استعمال کیں گئیں، پکڑی جانے والی3 گاڑیوں کی مالیت 25 کروڑ روپے سے زائد ہے۔
ایکسائز لاہور میں رجسٹرڈ لینڈ کروزر اے پی این 328 اسلام آباد میں بی سی یو 666 نمبر کے تحت بھی رجسٹرڈ تھی، ایکسائز لاہور میں رجسٹرڈ لینڈ کروزر اے ایف ایم 239 کراچی میں بی این 500 نمبر کے تحت رجسٹرڈ پائی گئی، نان کسٹمز پیڈ رینج روور کی رجسٹریشن کیلئےغیر ملکی سفارتخانے کی گاڑی کے کاغذات کا استعمال کیا گیا۔
کسٹمز انفورسمنٹ لاہور نے کارروائی کرتے ہوئے تینوں گاڑیاں قبضے میں لے لیں، کسٹمز حکام نے گاڑیوں کے جعلی رجسٹریشن کارڈز بھی برآمد کر لیے جبکہ جعلسازوں کیخلاف مقدمات درج کر کے کارروائی شروع کر دی گئی ہے، کسٹمز حکام کا کہنا ہے کہ جعلساز گروہ کی پشت پناہی کرنے والوں کو بھی بے نقاب کریں گے۔



