کراچی: (ویب ڈیسک) شہر قائد میں ڈکیتی مزاحمت پر ایک اور شہری کو موت کی نیند سلا دیا گیا۔
واقعہ شرافی گوٹھ تھانے کے علاقے شاہ علی گوٹھ کے قریب محمد سٹی میں گھر میں دوران ڈکیتی پیش آیا، مقتول نجی میڈیسن کمپنی میں ملازمت کرتا تھا اور تین بیٹیوں کا باپ اور گھر کا واحد کفیل تھا۔
پولیس کے مطابق 3 مسلح ڈکیت مقتول کے گھرمیں ڈکیتی کی نیت سے داخل ہوئے تو مقتول نے مزاحمت کی جس پرمسلح ملزمان نے فائرنگ کردی، فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے شہری کی لاش کو قانونی کارروائی کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیاجہاں مقتول کی شناخت 50سالہ شاہد ولد عبدالکریم کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھا کرکے واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے اورواقعے کی سی سی ٹی فوٹیج حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے تاکہ واقعہ میں ملوث ملزمان کا سراغ لگایا جاسکے۔
واضح رہے کہ رواں سال شہرقائد میں ڈکیتی کی وارداتوں کے دوران مزاحمت پر مسلح ملزمان کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے شہریوں کی تعداد 79 ہوگئی۔



