شہر قائد میں شدید فائرنگ کے دوران گولی لگنے سے موٹرسائیکل سوار ہلاک

Published On 14 November,2025 06:10 am

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی میں شدید فائرنگ کے دوران گولی لگنے سے موٹرسائیکل سوار ہلاک ہوگیا۔

واقعہ کی اطلاع پر پولیس کے اعلیٰ حکام اور ریسکیو اہلکار بھی موقع پر پہنچ گئے، ہلاک ہونے والے شخص کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے ہلاک شخص کی فوری طور پر شناخت نہیں ہو سکی اور اس کی عمر 26 سال کے قریب بتائی جاتی ہے جس کے سر پر گولی لگی تھی جبکہ لاش کے قریب سے ایک موٹر سائیکل بھی ملی ہے۔

واقعے سے متعلق ایک عینی شاہد نے کہا کہ وہ ہسپتال کے قریب موجود تھا کہ اس دوران کار سوار شہری اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور شدید فائرنگ سے وہ قریب کھڑی ہوئی کار کے پیچھے چھپ گیا۔

اس دوران مسلح ڈاکو بھاگتے ہوئے دکھائی دیئے، فائرنگ کرنے والا شہری ایک آن لائن فوڈ رائیڈر کے ساتھ بائیک پر بیٹھ کر پیدل بھاگنے والے ڈاکوؤں کے تعاقب میں گیا جبکہ ایک ڈاکو مجھ سے میری موٹر سائیکل چھین کر فرار ہوگیا جو کہ میرے مکینک کی تھی۔

چھیپا حکام کے مطابق پولیس کو جائے وقوعہ سے گولیوں کے 9 خول ملے ہیں جبکہ پولیس نے ملزموں کی تلاش شروع کر دی۔