لڑکے لڑکیوں کے جھگڑے میں قریب کھڑا نوجوان فائر لگنے سے جاں بحق

Published On 14 November,2025 02:59 am

کراچی: (دنیا نیوز) لڑکے اور لڑکیوں کے جھگڑے میں قریب کھڑا نوجوان فائر لگنے سے جان کی بازی ہار گیا۔

شہر قائد کے علاقے مبینا ٹاؤن میں فائرنگ سے نوجوان کے جاں بحق ہونے کا واقعہ پیش آیا ہے، مقتول کی شناخت 17 سالہ عبدالمقصت کے نام سے ہوئی ہے جو پی آئی بی کالونی کا رہائشی تھا، مقتول یو پی ایس اور سولر پینل کا کام کرتا تھا اور چار بہن بھائیوں میں دوسرے نمبر پر تھا۔

پولیس کے مطابق جس جگہ پر عبدالمقصت کے قتل کا واقعہ پیش آیا وہاں تین لڑکے اور دو لڑکیوں میں جھگڑا چل رہا تھا، عبدالمقصت بھی جھگڑے والی جگہ کے قریب کھڑا تھا کہ اسی دوران کسی نے فائرنگ کی اور عبدالمقصت کو گولی لگی جس کے نتیجے میں عبدالمقصت موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا تھا۔

پولیس کے مطابق مقتول سے لوٹ مار کی واردات نہیں ہوئی کیونکہ اس کا موبائل فون اور پرس موجود ہیں، تاہم جن افراد کے درمیان جھگڑا ہوا ان کی تلاش جاری ہے، مقتول جھگڑا کرنے والے افراد کے ساتھ تھا یا نہیں اس کی بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔