کراچی: سندھ رینجرز کی کارروائی، مسافر بس سے 4 سمگلرز گرفتار

Published On 15 November,2025 10:33 am

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان رینجرز سندھ نے ماڑی پور حب ریور روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے سنیپ چیکنگ کے دوران ایک مسافر بس سے 4 سمگلرز کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار افراد میں سید حبیب اللہ، سید نوید احمد، ثناء اللہ اور ولی جان شامل ہیں، کارروائی کے دوران بس کے خفیہ خانوں سے 47 ہزار 680 پیکٹس نان کسٹم پیڈ سگریٹس برآمد کی گئیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ مسافر بس سے چار موبائل فونز اور نقدی بھی برآمد ہوئی، گرفتار ملزمان بلوچستان سے کراچی نان کسٹم پیڈ سامان سمگل کرنے میں ملوث تھے۔

رینجرز کے ترجمان نے مزید بتایا ہے کہ ملزم ولی جان یوسف گوٹھ بس ٹرمینل پر منشیات اور بس میں خفیہ خانے بنوانے کا ذمہ دار ہے، ملزم ثناء اللہ بلوچستان سے سامان کلیئر کروانے اور حب سٹی کے گودام تک پہنچانے کا ذمہ دار تھا۔

ترجمان کے مطابق بس مالکان اور دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں جبکہ گرفتار ملزمان اور برآمد سامان کو کسٹم حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔