لاہور: (دنیا نیوز) کوٹ لکھپت جیل میں قیدیوں کی 5 نئی ڈبل سٹوری بیرکس تیار کر لی گئیں۔
چیئرمین ٹاسک فورس رانا منان خان اور سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے نئی بیرکس کا افتتاح کیا۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے کہا ہے کہ کوٹ لکھپت جیل میں قیدیوں کی 5 نئی ڈبل سٹوری بیرکس تیار کی گئی ہیں، نئی بیرکس میں 2 ہزار قیدیوں کو رکھنے کی گنجائش موجود ہے۔
چیئرمین ٹاسک فورس اور سیکرٹری داخلہ نے نئی بیرکس میں موجود اسیران سے گفتگو کی اور انکے مسائل جانے، ایسے تمام اسیران کو مفت لیگل ایڈ فراہم کرنے کی ہدایت کی جو خود وکیل کی فیس ادا نہیں کر سکتے۔
سیکرٹری داخلہ نے ہدایات دیں کہ اسیران کو تمام بیرکس میں موسم کی مناسبت سے گرم کمبل فراہم کیے جائیں، جیل سائیکالوجسٹ ذہنی امراض کے شکار اسیران سے متواتر رابطہ رکھیں اور کاؤنسلنگ کریں۔
سیکرٹری داخلہ پنجاب نے بتایا کہ اب تک 850 سے زائد شہریوں نے ملاقات ایپ کے ذریعے پنجاب کی جیلوں میں اپنے عزیزوں سے ملاقات کی، ملاقات ایپ کے ذریعے ایڈوانس آن لائن بکنگ کی سہولت پنجاب کی تمام جیلوں میں دستیاب ہے۔



