لاہور میں پولیس مقابلہ، دہشتگردی کے مقدمہ میں ملوث ملزم ساتھیوں کی فائرنگ سے مارا گیا

Published On 21 November,2025 12:47 am

لاہور: (دنیا نیوز) انویسٹی گیشن پولیس تھانہ گجر پورہ اور نامعلوم ملزمان کے درمیان باغبانپورہ میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں دہشت گردی کے مقدمہ میں ملوث انتہائی خطرناک ملزم عنصر لودھی اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق انویسٹی گیشن پولیس ٹیم ملزم کو بارودی مواد کی برآمدگی کیلئے علاقہ تھانہ غازی آباد لے جارہی تھی، نامعلوم ملزمان نے اپنے زیر حراست ساتھی کو چھڑوانے کے لئے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔

پولیس حکام نے بتایا کہ اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ملزم عنصر لودھی شدید زخمی ہو گیا، ملزم کو ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا جو کہ راستے میں ہی دم توڑ گیا، ہلاک ملزم عنصر لودھی پولیس ملازمین کو فائرنگ کرکے زخمی کرنے، خودکش جیکٹ رکھنے اور دیگر رابری کے مقدمات میں ملوث تھا۔

ملزم دہشت گردی اور رابری کے متعدد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ بھی ہے، ملزم نے گزشتہ ماہ تھانہ غازی آباد کے اے ایس آئی دلاور اور کانسٹیبل عاشق کو دوران پولیس مقابلہ فائرنگ کر کے زخمی بھی کیا تھا، ملزم عنصر لودھی سے خودکش جیکٹ بھی برآمد ہوئی تھی۔

پولیس ذرائع نے مزید بتایا کہ انتہائی خطرناک ملزم عنصر لودھی سے اسلحہ بھی برآمد کیا جا چکا ہے، ایک پولیس اہلکار کی بلٹ پروف جیکٹ پر بھی ملزموں کے دو فائر لگے مگر پولیس اہلکار معجزانہ طور پر محفوظ رہا، نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے سرکاری گاڑی کو شدید نقصان پہنچا۔

پولیس حکام نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے ملزم کے دیگر ساتھی اندھیرے کا فائده اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے جن کی گرفتاری کے لئے علاقہ میں سرچ آپریشن جاری ہے۔