کراچی: پولیس کی رات گئے کارروائیاں، 3 زخمیوں سمیت 10 ملزمان گرفتار

Published On 27 November,2025 06:50 am

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کے مختلف علاقوں میں رات گئے پولیس نے مختلف کارروائیوں میں 3 زخمیوں اور خاتون سمیت 10 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

پولیس نے ملیر کھوکھرا پار ڈگری کالج کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے اسلحہ اور چھینا ہوا سامان برآمد کر لیا، ملزم کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، کورنگی اڑھائی نمبر کوسٹ گارڈ چورنگی کے قریب فائرنگ کے تبادلے کے بعد پولیس نے ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے اس کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فون اور موٹر سائیکل برآمد کی۔

ادھر سپر ہائی وے جنالی پل کے قریب پولیس اور ملزمان کا سامنا ہو گیا، فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ اس کے دیگر ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، ملزم سے اسلحہ اور دیگر سامان برآمد کر لیا گیا۔

اجمیر نگری پولیس نے فائرنگ کے تبادلے کے بعد خاتون سمیت 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا، پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سٹریٹ کرائم سمیت گھروں میں ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ہیں، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فونز، نقد رقم اور موٹر سائیکلیں برآمد کر لی گئیں۔

اسی طرح بوٹ بیسن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے سیف سٹی پروجیکٹ کے ڈی بی باکس کی چوری میں ملوث ملزم کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا، ملزم کے دیگر ساتھیوں کو پہلے ہی گرفتار کر لیا گیا تھا، گرفتار ملزم کی نشاندہی پر کارروائی کرتے ہوئے کباڑی کو بھی گرفتار کیا گیا ہے جس کے قبضے سے ڈی بی باکس کا سامان برآمد کر لیا گیا۔