ڈیرہ غازی خان: (دنیا نیوز) ڈیرہ غازی خان میں گھریلو جھگڑے کے بعد شوہر نے تیل چھڑک کر بیوی کو جلا دیا۔
مقتولہ کے بھائی نے الزام لگایا ہے کہ بہنوئی نے اپنے بھائی اور دوسری بیوی کے ساتھ مل کر اسکی بہن کو قتل کیا۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔
دوسری جانب پنجاب کے شہر بہاولنگر میں خاتون کو زندہ جلانے کا دلخراش واقعہ بھی سامنے آیا ہے۔
پولیس کے مطابق ہولناک واقعہ چک قاسمکا کے قریب گھریلو جھگڑے پر پیش آیا جہاں مبینہ طور پر شوہر پر ساتھیوں کے ہمراہ بیوی کو زندہ جلانے کا الزام ہے۔
پولیس نے مقتولہ کی جلی ہوئی لاش کے باقیات اپنی تحویل میں لے لی ہیں اور مقتولہ کے بیٹے کی مدعیت میں 5 ملزمان کے خلاف فوری ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق ملزم اشرف نے مقتولہ بیوہ کنیز سے دوسری شادی کر رکھی تھی، ملزم بیوی کو گھر سے بلا کر جھونپڑی میں لے گیا اور ساتھیوں سمیت آگ لگا دی۔
پولیس کا مزید کہنا تھا کہ مقدمے میں نامزد چار ملزمان گرفتار کر لیے گئے جبکہ ایک کی تلاش جاری ہے، گرفتار ملزموں سے مختلف زاویوں سے تفتیش کی جارہی ہے۔



