کراچی میں مبینہ مقابلے، 5 زخمیوں سمیت 8 ملزم گرفتار، اسلحہ، منشیات برآمد

Published On 05 December,2025 07:23 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس نے مبینہ مقابلوں کے بعد پانچ زخمیوں سمیت آٹھ ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ، چھینا ہوا سامان، موٹر سائیکل اور منشیات برآمد کر لی۔

گلشن معمار پولیس نے نادرن بائی پاس کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کیا جبکہ ملزم کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، ملزم کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فون اور نقد رقم برآمد کر لی گئی۔

سرجانی پولیس نے شاہ بیگ گوٹھ میں فائرنگ کے تبادلے کے بعد دو زخمیوں سمیت تین ملزمان کو گرفتار کر لیا، گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، مسروقہ سامان اور موٹر سائیکل برآمد کی گئی۔

پاک کالونی پولیس اور منشیات فروشوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں دو زخمیوں سمیت چار ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، نقد رقم، موبائل فونز اور منشیات برآمد کر لی گئی۔

گرفتار تمام ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔