کراچی: (دنیا نیوز) سال 2018 لالی وڈ کے لیے بہترین سالوں میں سے ایک رہا ، 21 پاکستانی فلمیں سنیما سکرینز کی زینت بنیں۔ فنکاروں اور فلمی شائقین نے 2019 سے بھی بڑی امیدیں لگا لیں۔
سال 2018 میں لالی وڈ کی اونچی اڑان، 21 پاکستانی فلمیں ریلیز ہوئیں۔ مزاحیہ فلم جوانی پھر نہیں آنی ٹو، 66 کروڑ روپے، پاکستان ایئرفورس پر بننے والی فلم پرواز ہے جنون 43 کروڑ روپے جبکہ ایکشن اور کامیڈی سے بھرپور فلم طیفا ان ٹربل 41 کروڑ روپے کے بزنس کے ساتھ سال 2018 کی ٹاپ تھری فلمز رہیں۔ پاکستانی فلمز کے رنگا رنگ پریمئرز منعقد ہو ئے جن میں ستاروں کی کہکشاں ریڈ کارپٹ پر اتری۔
انیمیٹڈ فلمز میں ٹک ٹاک، اللہ یار اینڈ دی لیجنڈ آف مارخور، تین بہادر، رائز آف دی وارئرز اور ڈونکی کنگ نے بچوں کے ساتھ ساتھ بڑوں کو بھی محظوظ کیا۔مزاحیہ فلموں مان جاؤ ناں، سات دن محبت ان، نہ بینڈ نہ باراتی اور جیک پاٹ نے شائقین کو ہنسایا۔
دوسری جانب سنجیدہ موضوعات پر بننے والی فلم کیک، پنکی میم صاب اور لوڈ ویڈنگ جیسی فلموں نے اہم معاشرتی مسائل کو موضوع بنایا۔ پاکستان کے خوبصورت شمالی علاقہ جات کی سیر کروائی فلم موٹر سائیکل گرل نے۔
معمر رانا کی فلم آزادی نے مقبوضہ کشمیر کی جدو جہد آزادی کو اجاگر کیا اور اپنے حق کے لیے لڑنے والے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے بھارتی مظالم کی مذمت کی۔ فلم بینوں اور فنکاروں نے ابھی سے 2019 سے بھی بہترین فلموں کی امیدیں وابستہ کر لی ہیں۔