کراچی: (دنیا نیوز) پاکستانی گلوکارہ نازیہ حسن زندہ ہوتیں تو آج چون برس کی ہوتیں، پاپ کوئین کے پرستار آج اُن کی سالگرہ منا رہے ہیں. چھوٹی سی عمر میں گلوکاری کا بڑا نام بننے والی نازیہ حسن کینسر کے باعث 13 اگست 2000 کو محض 35 برس کی عمر میں زندگی سے روٹھ گئی۔
گہری آنکھوں میں بڑے بڑے خواب اور امنگوں سے تمتماتے کتابی چہرے کی مالک نازیہ حسن تین اپریل 1965 کو کراچی میں پیدا ہوئیں، ان کی سر سنگیت سے دلچسپی گلوکاری کی دنیا میں لے آئی۔ محض دس سال کی عمر میں میوزک کیرئیر کا آغاز کیا۔
نازیہ حسن کو ملک اور بیرون ملک پلے بیک گلوکاری نے شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔ پندرہ برس کی عمر میں نازیہ حسن کو نہ صرف پاکستان بلکہ پورے ساوتھ ایشیا میں کوئین آف پاپ تصور کیا جانے لگا۔ نازیہ حسن نے اپنے بھائی زوہیب حسن کے ساتھ کئی میوزک البمز ترتیب دیں۔ ڈسکو دیوانے، بوم بوم، ینگ ترنگ، ہاٹ لائن اور کیمرہ کیمرہ سے ریکارڈ کامیابی سمیٹی۔
پاپ سنگر نے ٹیلی ویژن پر کئی میوزک شوز بھی کیے۔ چھوٹی سی عمر میں پاپ گلوکاری کا بڑا نام بننے والی نازیہ حسن کینسر کے باعث 13 اگست سنہ 2000 کو محض 35 برس کی عمر میں زندگی کی بازی ہار گئیں۔