رومن پولانسکی ’’آسکر‘‘ کی رکنیت بحال کرانے میں ناکام

Published On 27 August,2020 10:14 am

لاس اینجلس: (روزنامہ دنیا) امریکی عدالت نے ایوارڈ یافتہ فلم ساز 87 سالہ رومن پولانسکی کی معطل کی گئی ’’آسکر‘‘ رکنیت بحال کروانے کے حوالے سے دائر درخواست مسترد کر دی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق آسکر اکیڈمی نے 1977 میں ایک 13 سالہ کمسن لڑکی کا ’’ریپ‘‘ کرنے کے الزام میں فلم ساز رومن پولانسکی کی رکنیت 2018 میں ختم کردی تھی۔ رومن پولانسکی کو اسی کیس میں 40 سال قبل یعنی 1977 میں ہی 42 دن جیل قید کی سزا ہوچکی ہے تاہم آسکر اکیڈمی نے پرانے الزام کے تحت ہی ان کی آسکر رکنیت ختم کی تھی اور اب عدالت نے بھی ان کے خلاف فیصلہ دے دیا ہے۔

کیس کی سماعت کرنے والی خاتون جج کا فیصلے میں کہنا تھا کہ آسکر اکیڈمی کو رومن پولانسکی کی رکنیت ختم کرنے سے متعلق مکمل اختیار حاصل ہے، فلم ساز کو صفائی کے لئے مکمل موقع فراہم کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ رومن پولانسکی نے 2003 میں آسکر ایوارڈ کے علاوہ دیگر کئی اعزازات بھی حاصل کر رکھے ہیں۔