ممبئی: (روزنامہ دنیا) بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت نے کہا ہے کہ وہ ملک میں تنقید کرنے والوں کی سب سے بڑی ہدف ہیں، انہیں اپنے ہی ملک بھارت میں ڈر لگنے لگا ہے اور کئی بار کسی دوسرے ملک جاکر آباد ہونے کا سوچ چکی ہوں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ا نہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر میں ڈان ہوتی تو 72 ملکوں کی پولیس میرے پیچھے ہوتی ۔ کنگنا کا کہناتھاکہ میں اگر کسی مظلوم کی حامی بن جاتی ہوں تو میری مخالفت کرنے والے کہاں سے آ جاتے ہیں ،کیا وہ ظالم کے ساتھی ہیں؟
اداکار ہ نے کہا کہ مجھے تنقیدکا نشانہ بنانے والوں کو فلم مافیا کی جانب سے بہت سے ایوارڈز اورفلموں میں رولز دئیے جائیں گے۔ واضح رہے کہ کنگنا رناوت اپنے انتہا پسند نظریات کے سبب دوسروں پر بلاوجہ تنقید کے سبب اکثروبیشتر مشکل میں پھنس جاتی ہیں۔ حال ہی میں بھارت میں ہونے والے کسانوں کے احتجاج میں شریک ایک 100 سالہ خاتون کو 100 روپے کے عوض مظاہرے میں شرکت کے طعنے پر مبنی ٹویٹ کی تو لوگوں نے اداکارہ کو آڑے ہاتھوں لیا۔ اداکارہ نے اپنی ٹویٹ تو ڈیلیٹ کر ہی دی تھی تاہم عوام کی شدید تنقید کی زد میں آ گئیں۔