بالی وڈ اسٹارز بھی احتجاج کرنے والے کسانوں کےحق میں بول پڑے

Published On 08 December,2020 11:38 am

ممبئی: (دنیا نیوز) بالی وڈ اسٹارز بھی مودی سرکار کے کالے قوانین کی زد میں آنیوالے بھارتی کسانوں کےحق میں بول پڑے، پریانکا چوپڑا ہوں یا پریتی زنٹا سب نےتحریک کی حمایت کااعلان کیا ہے۔

 پریتی زنٹا نے کسانوں کو وطن کے سپاہی قرار دے دیا، کہتی ہیں سخت سردی اور وبا کےدوران کسانوں کو خاندانوں سمیت احتجاج کرتے دیکھ کر دل دکھتا ہے، سونم کپور لکھتی ہیں کہ کسان انسانی تہذیب کے بانی ہیں، اداکارہ نے کسانوں کی تحریک دلی چلو کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔

 ریچا چڈھا لکھتی ہیں کہ ہر سال 12 ہزار کسان خودکشی کرتے ہیں، ہمارے برتنوں میں کھانا بھرنے والوں کا یہ سب سے بڑا احتجاج ہے۔ اداکارہ اور ماڈل اروشی روتیلا کہتی ہیں کسانوں کےبغیر خوراک کا کوئی ذریعہ ممکن نہیں، ان کی عزت کریں۔

پریانکا چوپڑا نے کسانوں کو فرنٹ لائنرز کاخطاب دے دیا، اپنے ٹویٹر پیغام میں انہوں نے کہا کسان بھارتی اناج کے رکھوالے اور سپاہی ہیں۔ پرینیتی چوپڑا نے کسانوں کےحق میں مشہورگانا پوسٹ کیا ہے جس میں ان کی عزت کرنے کا کہا گیا ہے۔

ریتیش دیش مکھ کہتے ہیں ہم لوگ آج جو بھی کھا رہے ہیں وہ کسانوں کی مرہون منت ہے، انہوں نے کہا وہ ہر کسان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، گلوکار اور ایکٹر دلجیت دوسانجھ نے کسانوں سےاظہار یکجہتی کیلئے ان کے دھرنے میں شرکت بھی کی۔

 

Advertisement