ممبئی: (ویب ڈیسک) 200 کروڑ کی منی لانڈرنگ کیس میں بدنام کرنے پر بالی ووڈ اداکارہ نورا فتیحی نے جیکولین فرنینڈس کے خلاف ہتک عزت دعویٰ دائر کر دیا۔
اداکارہ نورا فتیحی کا نام 200 کروڑ روپے کے منی لانڈرنگ کیس میں مجرم سکیش چندر شیکھر کے خلاف تحقیقات کے دوران سامنے آیا تھا۔
جیکولین فرنینڈس کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے ضمنی چارج شیٹ میں بطور ملزم نامزد کیا ہے۔ ایجنسی کی جانب سے اس سے قبل دونوں اداکاراؤں سے متعدد مواقع پر الگ الگ پوچھ گچھ کی گئی تھی۔
رپورٹ کے مطابق فتیحی نے جیکولین کے خلاف عدالت میں اپنی تحریری درخواست پر ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ مجھے جھوٹ بول کر کیس میں پھنسایا جا رہا ہے۔
نورا فتیحی نے درخواست میں مزید کہا کہ جیکولین نے مجھے مجرمہ کے طور پر بدنام کرنے کی کوشش کی تاکہ وہ اپنے مفادات کو آگے بڑھا کر میرے کیریئر کو تباہ کر سکے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس میں یہ دعویٰ بھی سامنے آیا ہے کہ چندر شیکر نے دسمبر 2020 میں نورا فتیحی کو ایک BMW کار تحفے میں دی اور بعد میں اسے مہنگے تحائف کے علاوہ 75 لاکھ روپے بھی دیے تھے۔